پاکستان
24 مئی ، 2012

بلوچستان کے مسئلہ کے حل کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی، عبدالغفور حیدری

بلوچستان کے مسئلہ کے حل کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی، عبدالغفور حیدری

کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلہ کے حل کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی، صرف ہاتھ جوڑنے اور معافی مانگنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شکاگو کانفرنس دنیا کی تاریخ کی سب سے ناکام ترین کانفرنس ثابت ہوئی، نیٹو سپلائی کی بحالی سے حکومت اس طرح کی پارلیمنٹ کی توہین کی مرتکب ہوگی، جس طرح وزیراعظم عدالت کی توہین کے مرتکب ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو ملک بڑے بحران سے دوچار ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا سب کچھ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں لگادیا، پھر بھی کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہاتھ جوڑنے اور معافیاں مانگنے سے کام نہیں چلے گا بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کرنے پڑیں گے تاکہ یہاں کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خاص طور پر بلوچ علاقوں میں سیاسی حوالے سے خوف اور جمود طاری ہے اسے ختم کرنے کیلئے قلات میں 27 مئی کو اسلام زندہ باد کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ملک کی تاریخ کی فقیدالمثال کانفرنس ہوگی جس میں بلوچستان بھر سے عوام بھر پور انداز میں شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :