پاکستان
12 نومبر ، 2015

وزیراعظم تھر میں صرف وعدے کرکے چلے گئے، بلاول بھٹو

وزیراعظم تھر میں صرف وعدے کرکے چلے گئے، بلاول بھٹو

مٹھی.......پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم تھر میں صرف وعدے کرکے چلے گئے پھر مڑکر بھی نہ دیکھا ، جسے اپنا نمائندہ بناکر چھوڑ گئے وہ تو تھر کا راون ہے۔

بلاول بھٹو زرداری مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے، اس سے قبل انہوں نے ہندوؤں کے ساتھ دیوالی منائی ،دیوالی کا کیک بھی کاٹا، ماتھے پر تلک بھی لگوایا، بچوں پر دست شفقت بھی رکھا۔

آمریت کے پجاری نہیں چاہتے کہ ہم متحد رہیں،انتہا پسندی کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی ہے،پیپلزپارٹی دیوالی کو اپناتہوارمانتی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سب کو ساتھ لے کر چلے گی،جو نفرت پھیلاتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں،پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیرہے،میں یہاں دیوالی کی خوشیوں میں شریک ہونے آیاہوں،19 نومبرکو تیر پر ٹھپہ لگا کر عوام کو آزادی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بھی یہاں آئے تھے وہ وعدے اوراعلان کرکے چلے گئے،میاں صاحب!کچھ تو پیچھے چھوڑ کر جاتے،آپ کے اعلانات اور وعدوں کا کیا ہوا،وہ اعلانات اور وعدے، اعلانات اور وعدے ہی رہ گئے،مجھے اورتھرکے لوگوں کو پتہ ہے آپ کچھ نہیں کریں گے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ مجھ سے جتناہوسکااپنے بہن بھائیوں کے لیے کوشش کروں گا،پیپلزپارٹی مساوات کی بات کرتی ہے،عوام کی بات کرتی ہے،یہ سب غریب اور عوام دشمن لوگ ہیں، پیپلزپارٹی،کسانوں،طلبااور عوام کی بات کرتی ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے مزید کہا کہ تھرکے لوگوں کو پتا ہے آپ کچھ نہیں کریں گے،جب الیکشن ہوتے ہیں توایک پوسٹرپربلااورشیراکٹھے ہوتے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں، پیپلزپارٹی غریبوں،ہاریوں کی بات کرتی ہے اس لیے سب اکٹھے ہوجاتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ سب غریب دشمن ہیں اور انہیں اپناغلام بناکر رکھنا چاہتے ہیں،سیاستدان دیوالی منانے سندھ آئے ہیں،ہم سب کو خوش آمدید کہتےہیں۔

مزید خبریں :