پاکستان
12 جنوری ، 2012

پیر صاحب پگارا کی تدفین پیر جوگوٹھ میں3بجے ہوگی،تیاریاں مکمل

پیر صاحب پگارا کی تدفین پیر جوگوٹھ میں3بجے ہوگی،تیاریاں مکمل

پیر جو گوٹھ…حروں کے روحانی پیر پیرپگارا کی میت کراچی پہنچانے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے پیرجوگوٹھ پہنچا دی گئی ہے جہاں آج سہ پہر 3بجے انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔ تدفین کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ میت کے ہمراہ پیرصبغت اللہ شاہ، پیر صدرالدین شاہ، پیر سید علی گوہر شاہ راشدی، آغاسراج درانی سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی پیر جو گوٹھ پہنچے ہیں۔ اس سے قبل پیر پگارا کاجسد خاکی آج صبح چھ بجے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لندن سے کراچی لایاگیا۔ کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر پیر پگارا کی میت کے ساتھ آنے والوں کی امیگریشن کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ پیر پگارا کے جسد خاکی کو ٹرمینل ون سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے سکھر روانہ کیاگیا۔ خراب موسم کے باعث طیارہ پہلے جیکب آباد اتارا گیا۔ موسم بہتر ہونے پر طیارے کو سکھر روانہ کیاگیا۔ بعد ازاں ان کی میت کو سکھر سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پیرجوگوٹھ لے جایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیرپگارا منگل کی شب حرکت قلب بند ہوجانے سے لندن کے ولنگٹن اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ چوبیس نومبر سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہیں پانچ جنوری کو لندن کے ولنگٹن اسپتال لے جایاگیا تاہم دس جنوری کی رات پڑنے والا دل کا دورہ ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوا۔ آج پیرپگارا کے جنازہ کے موقع پر سندھ میں عام تعطیل ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل نے تیس دن کے لیے تنظیمی سرگرمیاں معطل اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہوا ہے۔

مزید خبریں :