15 نومبر ، 2015
میانوالی......چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہےکہ سندھ اور پنجاب میں ان کے بلدیاتی نمائندوں کا مقابلہ سیاسی جماعتوں سے نہیں بلکہ ایس ایچ اوز اور پٹواریوں سے ہورہا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے میانوالی کے علاقے موسٰی خیل سے نکلنے والی ریلی کی قیادت کی جس نے شہر کے مختلف علاقوں کا گشت کیا ،عمران خان عادت کے مطابق تھوڑی تھوڑی دیر میں ریلی سے خطاب بھی کرتے رہے۔
ریلی میں نامورسرائیکی گلوکارعطا ءاللہ خان عیسی خیلوی بھی شریک تھے، جو اپنے نغموں میں عمران خان کے گن گاتے رہے۔میانوالی کے علاقے دوآبہ پہنچ کر ریلی نے جلسے کی شکل اختیار کرلی جہاں عمران خان نے خطاب میں کہا کہ پنجاب اور سندھ میں ان کے بلدیاتی نمائندوں کا مقابلہ سیاسی جماعتوں سے نہیں بلکہ ایس ایچ اوز اور پٹواریوں سے ہورہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے میانوالی کے علاقے کندیاں میں بھی جلسے سے خطاب کیا اور اپنے امیدواروں کو آخری گیند تک میدان میں ڈٹے رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ یہ بلدیاتی الیکشن کا نہیں بلکہ نئے اور پرانے پاکستان کا مقابلہ ہے۔