پاکستان
19 نومبر ، 2015

سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی روایتی گہماگہمی

 سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی روایتی گہماگہمی

حیدر آباد/گوجرانوالہ......سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی روایتی گہماگہمی نظر آرہی ہے۔ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ اور معذور افرادبھی حق رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچے۔سندھ اور پنجاب کے 26 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ووٹ سے اپنے علاقے کی حالت بدلنے کا عزم لیے ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے بڑی تعداد میں پہنچے ہیں۔

ساہیوال میں پولنگ اسٹیشن میں زبردستی گھسنےکی کوشش پرپولیس نےووٹرزپرتشدد کیا،خانیوال میں یوسی 25 کے آزاد امیدوارحمادرضا کی عزیزہ نےپریزائڈنگ آفیسر کوتھپڑماردیا،منڈی بہاؤالدین کی یونین کونسل سولہ میں جھگڑا ہوگیا، ڈنڈوں اور لاٹھیوں کاآزادانہ استعمال کیا گیا، ڈی پی او نے لوگوں کو تھپڑ جڑ دیئے ،گوجرانوالہ، کبیر والا، چنیوٹ، شیخو پورہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی میںمتعدد افراد زخمی ہوئے ، کئی گرفتار ہوئے۔

قومی ذمے داری پوری کرنے میں بزرگ اور معذور بھی کسی سے پیچھے نہیں،عمر کوٹ میں کچھ بزرگ لوگوں کے سہارے تو کچھ لاٹھی کے سہارے ووٹ کاسٹ کرنے آئے۔بدین ،خانیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بزرگ شہریوں نے ووٹ ڈالا۔خانیوال میں ووٹ ڈالنے کیلیے ایک شخص ضعیف شہری کو گود میں اٹھا کر لایا۔کبیر والا کی ایک یونین کونسل میں 60 سال بعد خواتین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

سرگودھا اور شیخوپورہ میں بزرگ شہری وہیل چیئر پرووٹ کاسٹ کرنے آئے،عمر کوٹ میں شوہر ووٹ ڈالنے کیلیے اپنی معذور بیوی کو بازوؤں میں اٹھا کر لایا۔سرگودھا میں باہمت معذور شخص ووٹ کاسٹ کرنے پہنچا۔بدین میں بیساکھیوں کے سہارے اور عمر کوٹ میں لاٹھی کے سہارے بزرگ افراد ووٹ ڈالنے آئے۔ میانوالی میں ایک پولنگ اسٹیشن میں دلچسپ صورتحال دیکھنے کو ملی۔ جہاں پولنگ اسٹاف میں شامل خواتین نے پردے میں اپنی ذمے داریاں نبھائیں۔

مزید خبریں :