19 نومبر ، 2015
کراچی......سندھ اور پنجاب کے 26اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے کچھ ایسے رنگ نظر آئے جنہوں نے دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔
پچھلے بلدیاتی الیکشن میں دولہوں کے ووٹ ڈالنے کا آئٹم ہٹ ہوا، تو اس بار بھی ایک دولہا میاں نے وہی آئٹم دہرایا اور گوجرانوالہ کا دولہا، سج دھج کے تیار ہوکر ووٹ ڈالنے پہنچا۔
اس بار بلدیاتی الیکشن میں نظر آئے کچھ نئے رنگ، گوجرانوالہ میں ہی ایک ووٹر نے سواری منتخب کی بھینس کی اور ہاتھ لہراتا اپنی دبنگ آمد کا پتہ دیا۔
گوجرانوالہ میں بلدیاتی انتخاب کے موقع پر بھینس نے انٹری دی تو جہلم کا ووٹر بھی گدھا میدان میں لایا جو گدھے پر سوار ہو کر ووٹ ڈالنے چلا آیا۔
بلدیاتی الیکشن کا دن آیا تو گوجرانوالہ والوں نے اپنے دن کا آغاز مزیدار ناشتے سے کیا،پائے نہاری بھی کھائے گئے، ٹھنڈی ٹھار لسی کے بھی دور چلے ۔
جہلم میں تفریح تو اس وقت ہوئی، جب وارڈ 17میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدوارایک ہی ہیئر سلون پہنچے، ن لیگی امیدوار انعام الحق نے شیو کرائی تو پی ٹی آئی کے امیدوار خلیل الرحمان نے بال کٹوائے۔ کہتے ہیں انتخابی معرکہ اپنی جگہ، لیکن ہم،دونوں بھائی،بھائی ہیں۔