21 نومبر ، 2015
نیویارک......اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے داعش اور القاعدہ کے خلاف رکن ممالک کو تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی منظوری دے دی ۔
دوسری جانب شام پر روسی اورشامی طیاروں کی بمباری میں 36 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے رکن ملکوں کو ضروری اقدام کا اختیار دے دیا ۔فرانس کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ داعش اور القاعدہ کے خلاف کارروائیاں دگنی کی جائیں ۔تمام ممالک دہشت گردی روکنے کے لیے مربوط اقدامات کریں ۔
قرارداد میں پیرس حملوں کے ساتھ ساتھ بیروت ، تیونس ، ترکی اور مصر میں رواں سال کیے گئے دہشت گرد حملوں کی بھی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ داعش کے خلاف تمام ممالک کو متحد ہونا ہوگا ۔
دوسری جانب شام میں روس اور شامی جنگی طیاروں کی ،داعش کے ٹھکانوں پر بمباری جاری ہے ۔ بحیرہ کیسپین میں واقع روسی بحری جہازوں نے رقہ، حلب اور ادلب پر 18 کروز میزائل بھی داغےجبکہ صوبے دیر الزور میں تین آئل فیلڈز سمیت کئی مقامات پر بم برسائے گئے ۔حملے میں 36 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔