22 نومبر ، 2015
کوالالمپور ........امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ مسلمان نہیں ، ایک چھوٹا سا گروہ دہشتگردی میں ملوث ہے ،مٹھی بھر دہشتگرد پوری دنیا کو یرغمال نہیں بناسکتے، داعش کو مالی وسائل کی فراہمی روکیں گے۔
کوالالمپور میں جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی تنظیم آسیان میں شرکت کے بعد صدر اوباما نے نیوز کانفرنس سے خطاب کیا ۔ صدر اوباما کا کہنا تھاکہ داعش کا خاتمہ امریکا کا حقیقی ہدف ہے ۔اور وہ ایسا کرکے چھوڑے گا۔
بارک اوباما کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو داعش کے خلاف متحد ہوکر کارروائی کرنی چاہئے۔ بشارالاسد کے اقتدار میں رہنے تک شام میں لڑائی ختم نہیں ہوسکتی۔ بشارالاسد کے مخالفین کی مدد کرکے بھی جنگ ختم نہیں ہوسکتی ۔ روس سیاسی تبدیلی کے لیے تیار ہے مگر اسد کو ہٹانے پر آمادہ نہیں۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ دہشت گردوں سے جنگ کسی مذہب کے خلاف نہیں ۔ دہشت گردی کرنے والے مٹھی بھر لوگ ہیں ۔ دہشت گردی کے جواب میں انسانی حقوق کو نظر انداز کرنا یا کسی سے تعصب برتنا داعش کی کامیابی ہوگی۔