28 جنوری ، 2012
واشنگٹن … امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے خطرات کی وجہ سے کمانڈو کارروائیوں کے لئے ایک پرانے جنگی بحری جہاز کو بحری بیڑے میں تبدیل کرکے مشرق وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی نیوی نے عمر رسیدہ بحری جنگی جہاز مدر شپ کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم سینٹ کام نے ایران کے ساتھ کشیدگی ، یمن میں القاعدہ کے پھیلاوٴ ، صومالی قزاقوں اور دیگر خطرات کی وجہ سے یہ جہاز مشرق وسطیٰ بھیجنے کی درخواست کی تھی، جو کمانڈوز کے بیس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ سینٹ کام کی درخواست منظور کرلی گئی اور اب نیوی کے ماہرین مدر شپ میں ضروری تبدیلیاں کررہے ہیں، جس کے بعد یہ بحری بیڑہ بن جائے گا۔ یہاں کمانڈوز کے قیام کے ساتھ ، چھوٹی تیز رفتار کشتیاں رکھنے اور نیوی سیلز کے زیر استعمال ہیلی کاپٹرز کی بھی گنجائش ہوگی۔