26 نومبر ، 2015
کراچی......گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان کی پہلی خاتون شہید پائلٹ آفیسر مریم مختار کے گھر جاکر ان کے والدین سے ملاقات کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے نئے تعمیر ہونے والے بالائی گزرگاہ کو مریم مختار کے نام سے منسوب کیا جائے گا جبکہ سندھ کی جامعات میں ان کے نام سے شعبے قائم کئے جائیں ۔
گورنر سندھ ایئر آفیسرکمانڈنگ کے ہمراہ شہید خاتون پائلٹ مریم مختار کے گھر گئے اور ان کے والدکرنل ریٹائر مختار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ مریم مختار با صلاحیت ، باہمت اور بہادر آفیسر تھیں انہوں نے پاکستان کی فائٹر پائلٹ بن کر اپنے آپ کو بچیوں کے لئے رول ماڈل بنا لیا تھا، شہادت کے اعلیٰ مرتبے پر فائز ہوکر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پوری قوم کو مریم مختار پر فخر ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے ہدایت دی کہ کراچی کے نئے تعمیر ہونے والی بالائی گزرگاہ کو مریم مختار کے نام سے منسوب کیا جائے،جبکہ سندھ کی جامعات میں ان کے نام سے شعبے قائم کئے جائیں۔