27 نومبر ، 2015
راولپنڈی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئیوری کوسٹ میں امن مشن میں تعینات فوجیوں سے ملاقات کی ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نےکہا ہے کہ پاک فوج کےدستے اقوام متحدہ اور ملک کا جھنڈا سربلند رکھے ہوئے ہیں، آپریشن ضرب عضب اور انٹیلی جنس کارروائیوں کے باوجود پاکستان کے دستے اقوام متحدہ کے چھ امن مشن میں تعینات ہیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئیوری کوسٹ کے دورہ کے دوران اقوام متحدہ امن مشن میں تعینات پاکستانی جوانوں، افسروں اور انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نےکہا کہ پاک فوج کے دستوں کی اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے دنیا بھر میں امن کوششیں قابل ستائش ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ان امن مشنز کو درپیش چیلنجز سے مکمل آگاہ ہے، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کو بڑے پیمانے پر حصہ لینے پر فخر ہے۔
اس موقع پر صدر آئیوری کوسٹ نے پاکستانی دستوں کی بہترین کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔