28 نومبر ، 2015
نئی دلی.........بھارت میں سفارتی آداب کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو جمعہ کے روز نئی دہلی میں راشٹر پتی بھون میں ہونے والی ایک تقریب میں شرکت سے روک دیا گیا ۔
معروف پبلشر اور ملیالم منوراما کے سابق ایڈیٹر کے ایم میتھیو کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کے لیے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو تقریباً 10 روز قبل دعوت نامہ بھیجا گیا تھا ، تاہم جمعرات کو رات گئے انہیں فون کر کے انہیں بتایا گیا کہ ان کا دعوت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے اور سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معذرت بھی نہیں کی گئی۔
ہائی کمشنر عبدالباسط نے فون پر نمائندہ جنگ خالد محمود خالد سے بات کرتے ہوئے واقعے کو افسوس ناک قرار دیا اور کہا کہ ان کا دعوت نامہ واپس لینے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی ۔
تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہائی کمشنر کو ایوان صدرمیں مدعو کرنے سے قبل دفتر خارجہ کی اجازت لینا ضروری ہوتا ہے لیکن عجلت میں ایسا نہیں ہو سکا اس وجہ سے ان کا دعوت نامہ واپس لیا گیا۔