29 نومبر ، 2015
اسلام آباد......دالحکومت اسلام آبادمیں شیر دہاڑے گا،بلا میدان مارے گا، تیرچلے گا یا آزاد امیدوار اپنی طاقت منوائیں گے، دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے، سرکاری اداروں میں کل دو بجے کے بعد چھٹی ہو گی۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیےانتخابی مواد کی ترسیل کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، پریزائڈنگ افسران نے پولنگ اسٹیشنوں کا چارج سنبھال لیا ہے، جبکہ عملےکو بھی صبح چھ بجے حاضری یقینی بنانے کی ہدایات کردی گئی ہے، پولنگ صبح سات سے شام ساڑھے پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔
افسر شاہی کا شہر پر اب ہونے والا ہے عوامی نمائندوں کا اختیاراسلام آباد کے پہلے بلدیاتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل تیس نومبر کی صبح سات بجے شروع ہو گا، ووٹر کوملیں گے چھ بیلٹ پیپر، چیئرمین وائس چیئرمین کے چنائو کے لئے ہلکا سبز، جنرل کونسل کے لئے سفید، خواتین ممبر کے لئے ہلکا گلابی،مزدور یا کسا ن کے لئے خاکی، نوجوان ممبر کے لئے سرمئی اور غیر مسلم لے لئے زرد رنگ کا بیلٹ پیپر رکھا گیا ہے۔
ڈی آر او اسلام آبادعلیم شہاب کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عملہ صبح 6 بجے حاضری یقینی بنائے، ہر صورت پولنگ7 بجے شروع ہو گی، ایک ووٹرکو 6 ووٹ کاسٹ کرنے ہیں، ووٹر کو ٹائم لگے گا دیر سے پہنچنے والے عملہ کے خلاف بھی تادیبی کارروائی ہو گی۔پولنگ اسٹیشنزکے اندرووٹرزموبائل فون نہیں لے جا سکیں گے، البتہ اصل شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے، چاہے وہ زائدالمعیاد ہی کیوں نا ہو،فوٹو کاپی یا آفس کارڈ پر ووٹ کاسٹ نہیں کرنے دیا جائے گا ۔
ووٹرز یا امیدواروں کی شکایات کے لیے الیکشن کمیشن کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، جو صبح سات بجے سے انتخابی نتائج آنے تک کام جاری رکھے گا، کسی بھی قسم کی بدانتظامی کی شکایات کے لیے شہری 051-9210816پر رابطہ کرسکتے ہیں۔