03 دسمبر ، 2015
اسلام آباد.......وزیراعظم نواز شریف نےدوران ملازمت وفات پانے والے وفاقی سرکاری ملازمین کے ورثاءکیلئے300 گنا اضافی امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
دہشت گردی کا شکار ہونے والے سرکاری ملازمین اور سیکورٹی فورسز کے شہدا کےورثاءکے لئے الگ خصوصی پیکیج بھی منظورکیا گیا ہے۔
دوران ملازمت جاں بحق وفاقی ملازمین اوردہشت گردی کےخلاف لڑنے یااس کاشکارہونےوالوں کیلئےالگ الگ خصوصی پیکجز کااعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کااعلان کردہ پیکیج 2006ءکے امدادی پیکیج سے تین سوگنازیادہ ہے۔
پیکج ون:وفاقی ملازمین یا سیکیورٹی اداروں کے ایسے اہلکار اورافسروں کیلئے ہے جو دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے یا دہشت گرد ی کانشانہ بن کرشہادت پائیں۔
گریڈ 1 سے 16 تک شہدا کے لواحقین کو 30 لاکھ روپے۔گریڈ 17 کیلئے 50 لاکھ، گریڈ 18 اور 19 کے لیے 90 لاکھ روپےجبکہ گریڈ 20 اور اس سے زائد کے ملازمین کی شہادت کی صورت میں لواحقین کو ایک کروڑ روپے بطور امداد دیےجائیں گے۔زخمی کو 7 لاکھ روپے نقد کی گرانٹ دی جائےگی۔
پیکج ٹو: یہ دوران ملازمت طبعی وجوہات کی بناء انتقال کر نےوالے وفاقی ملازمین کیلئے ہے۔ گریڈ ایک سے 4 تک کے ملازمین کےلواحقین کو 6 لاکھ، سکیل 5 سے 10 تک کے ملازمین کے لواحقین کو 9 لاکھ۔سکیل 16 سے 17 تک کے ملازمین کے لیے 12 لاکھ جبکہ 18 سے 19 تک کے ملازمین کے ورثا کو 24 لاکھ روپے دیےجائیں گے۔
گریڈ 20 اور اس سےزائد کےلواحقین کوملیں گے 30 لاکھ روپے۔ جاں بحق ا ورشہید ملازم کی ریٹائرمنٹ کی مدت تک سرکاری مکان میں رہائش کے علاوہ ماہانہ تنخواہ بھی جاری رہےگی۔ملازمین کےبچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم ملےگی۔
گریڈ ایک سے 15 کی نوکری بغیرکسی ٹیسٹ اور انٹرویو دی جائےگی،بیٹیوں کی شادی کے لئے8 لاکھ روپے گرانٹ بھی ملے گی۔
جاں بحق اورشہداکےلواحقین کو 20 سے 70 لاکھ روپے مالیت کاپلاٹ بھی اس امدادی پیکیج کاحصہ ہے۔ وزیراعظم کےمنظورکردہ پیکجز پر عمل درآمد کیلئےگریڈ 17یا18کےافسر کی تقرری کی جائےگی، پیکیجز9 نومبر 2015ء سے لاگو ہوں گے۔