05 دسمبر ، 2015
اسلام آباد......چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں 8 کروڑ سے زیادہ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تینوں مرحلے مکمل ہونے پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ انتخابی عمل کامیاب بنانے پر فوج اور رینجرزسمیت تمام اداروں نے قابل تحسین کردار ادا کیا۔
پاکستان آرمی، رینجرز، پولیس انتخابی عملہ اور الیکشن کمیشن کے افسران اور عملہ کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید کرتا ہوں آئندہ بھی ریاست کے تمام ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون برقرار رکھیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ اس بار بہتر نتائج کے لیے پولنگ عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ 3 لاکھ سے زائد انتخابی عملہ نے فرائض سر انجام دیئے 18 کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ،ان انتخابات پر تقریباً 3 ارب، 80 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پرامن انتخابات کے لیےسندھ میں رینجرز کو خصوصی اختیارات دینا ضروری تھا، صوبائی حکومتوں نے بھی بہت محنت کی، راول پنڈی میں ایک واقعہ کے سوا دونوں صوبوں میں مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی۔