پاکستان
05 دسمبر ، 2015

کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کئی بڑے برج اُلٹ گئے

کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کئی بڑے برج اُلٹ گئے

کراچی .......کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کئی بڑے برج اُلٹ گئے،میئرشپ کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان، تحریک انصاف کے علی زیدی ،پیپلزپارٹی کے نجمی عالم کو شکست کا سامنا، وسیم اختر بھاری اکثریت سے جیت گئے۔

اب تک کے غیر حتمی ،غیر سرکاری نتائج کے مطابق شہر کی ساٹھ فیصد نشستوں پر متحدہ قومی موومنٹ کو برتری حاصل ہے۔مبصرین کے اندازوں کے عین مطابق کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ واضح برتری حاصل کرتی نظر آرہی ہے۔ ایم کیو ایم نے شہر کے سب سے بڑے ضلع وسطی میںکلین سوئپ کیا ہے۔

ضلع وسطی کی 51 یونین کمیٹیوں کے انتخابی نتائج مکمل ہوگئے ہیں جن کے مطابق 50 یوسیز پر متحدہ قومی موومنٹ جبکہ ایک پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔شہر میں 48 بلدیاتی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ ان میں 18 کا تعلق ضلع وسطی سے، 10 کا ضلع ملیر اور 7 کا ضلع غربی سے ہے۔

غیرحتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کو شکست ہوگئی۔انہیں صرف 700 ووٹ ملے، جبکہ ان کے مد مقابل ایم کیو ایم کے مظہر حسین کاکا 3200 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔

ضلع شرقی کی یونین کمیٹی 16 سولجر بازار میں تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر علی زیدی، ایم کیو ایم کے نوشاد خان سے شکست کھاگئے۔

ضلع جنوبی یوسی 30 کلفٹن میں پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار حبیب میمن سے ہار گئے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے میئر شپ کے امیدوار وسیم اختر لائنز ایریا میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔ضلع وسطی یوسی 17 میں ایم کیو ایم کے رائو اقبال کامیاب جبکہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی اتحاد کے حاجی یونس ناکام ہوگئے۔

ضلع کورنگی، لانڈھی سب ڈویژن 7 یو سیز جبکہ لانڈھی کی یوسی 15 سے 20 تک کی نشستوں پر بھی متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کامیاب ہوگئے ۔ضلع وسطی کی یوسی 24 سے متحدہ قومی موومنٹ کے انور عالم کامیاب ہوگئے ۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ملیر اور لیاری میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو برتری حاصل ہے-

مزید خبریں :