06 دسمبر ، 2015
اسلام آباد.......عمران فاروق قتل کیس کے نامزد تین ملزمان کا ایک روزہ راہداری جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ تینوں ملزمان معظم علی، خالد شمیم ، سید محسن علی کو سخت حفاظتی انتظامات میںجوڈیشل مجسٹریٹ حیدر علی کی عدالت میں پیش کیاگیا۔
ایف آئی اے کی طرف سے ملزمان کے راہداری ریمانڈکی درخواست پر عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
گذشتہ روزوزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نےاسلام آبادمیں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سمیت 7 افراد کیخلاف ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا مقدمہ درج کیاتھا ۔مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔
دیگر ملزمان میںمحمد انور، افتخار حسین، معظم علی خان، خالد شمیم ، کاشف خان کامران اور سید محسن خان کو باضابطہ نامزد کیا ہے، جن پر عمران فاروق کے قتل کی سازش اور معاونت کا الزام ہے۔
حکومت پاکستان کی طرف سے الطاف حسین اور دیگر ملزموں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 120,109,34,302 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 ایف آئی آر میںشامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ ایف آئی اے کے ریجنل ڈائریکٹر انعام غنی کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔