09 دسمبر ، 2015
اسلام آباد........ مشیر خارجہ سرتا عزیز نے کہاہے کہ خطے میں امن و ترقی سب کا مشترکا ہدف ہے، پاکستان اورافغانستان بارڈرمینجمنٹ کیلئے تعاون کررہے ہیں۔ افغان وزیر خارجہ کا کہنا ہےکہ افغانستان کے لیے کسٹمز پالیسیوں میں نرمی کے مثبت نتائج نکلیں گے،چاہتےہیں کہ تجارت پاکستان کے راستے سے ہو۔
ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے، امن کے لیے مشترکہ اقدامات کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اورافغان صدر اشرف غنی کاامن کیلئے مشترکہ وژن ہے،پاکستان افغانستان میں دیرپاامن اوراستحکام چاہتا ہے۔
مشیرخارجہ نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاکانفرنس کااگلا اجلاس آیندہ سال دلی میں ہوگا، ہارٹ آف ایشیاکانفرنس کامقصد علاقائی تعاون کا فروغ ہے۔
اس موقع پر افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کہا کہ خطے کودہشت گردی سے بچانے کیلئے کوششیں کرناہوں گی، افغانستان کے لیے کسٹمزپالیسیوں میں نرمی کے مثبت نتائج نکلیں گے۔
افغان وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات کرناہوں گے، سیکیورٹی خدشات کسی ایک ملک نہیں سب کے لیے یکساں ہیں۔