15 دسمبر ، 2015
کراچی.......سانحہ پشاور کو ایک سال بیت گیا، دہشت گردوں کی سفاکیت اور بربریت کا یہ واقعہ اگرچہ ملک کی تاریخ میں سب سے بڑی دہشت گردی ہے لیکن عالمی تاریخ میں اس قسم کی دہشت گردی کی کئی مثالیں ملتی ہیں۔
14 اپریل 2014: نائجیریا میں شد ت پسند گروپ بوکو حرام نے اسکول کی 276 طالبات کو اغوا کرلیا، جن میں سے 219 اب بھی لاپتا ہیں جبکہ بوکوحرام اس کے علاوہ بھی اسکولوں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔
14 دسمبر 2013: امریکی ریاست کنٹیکٹی کٹ میں نیوٹاون ایلیمنٹری اسکول میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 ٹیچر اور 20 بچے دہشت گردی کا شکار ہوئے۔
22 جولائی 2011: ناروے میں بچوں کا سمر کیمپ دہشت گردی کا نشانہ بنا، جس میں اساتذہ اور بچوں سمیت 77 افراد دہشت گردوں کی سفاکیت کا نشانہ بن گئے۔
16 اپریل2007: امریکی ریاست ورجینیا میں فائرنگ سے طلبا سمیت 32 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ اس کے علاوہ مختلف امریکی ریاستوں میں اسکول میں فائرنگ کے کئی واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں متعدد طلبا ہلاک ہو چکے ہیں۔
1 ستمبر2004 :روس کے قصبے بیسلین کے ایک اسکول میں 31 دہشت گردوں نے777 طلبا سمیت 11سو افراد کو تین دن تک یرغمال بنائے رکھا۔ تیسرے دن سیکیوریٹی فورسز کے آپریشن شروع کرنے پر دہشت گردوں نے 385 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جن میں 186 بچے بھی شامل تھے، آپریشن کے دوران 30 حملہ آور مارے گئے، جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کیا گیا۔
28 جنوری1999: فلپائن کے علاقے کوٹاباٹو سے مورو اسلامک لبریشن فرنٹ نے 70 اساتذہ اور 500 طلبا کو اغوا کرلیا جنہیں بعدازاں رہا کردیا گیا۔
20 اپریل 1999: کولوراڈو کے علاقے کولمبائن کے ایک اسکول میں فائرنگ سے کئی بچوں سمیت 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فروری1994 کو تین افغان ہائی جیکرز پشاور ماڈل اسکول کی بس کو اسلام ا باد میں افغان ایمبیسی کی طرف لے گئے، اس میں 55طالب علم اور 6خواتین اساتذہ تھیں۔ ان دہشت گردوں کو کمانڈو ایکشن کے ذریعے ہلاک کرکے یرغمالیوں کو بہ حفاظت بازیاب کرایا گیا تھا۔