15 دسمبر ، 2015
سانگھڑ......سانگھڑمیں مسلم لیگ فنکشنل اورپیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تصادم اورفائرنگ سے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما گل محمد مری سمیت چارافراد جاں بحق اور5 زخمی ہوگئے۔انتخابی میدان سجنے سے پہلے سانگھڑایک بار پھر میدان جنگ بن گیا۔
بلدیاتی الیکشن کی تیاری میں مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنوں نے ریلی نکالی۔ریلی دھک پاڑارحمانی محلہ پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے تلخ کلامی ہوگئی۔ ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کے بعد فائرنگ شروع ہوگئی۔
فائرنگ سے پیپلزپارٹی رہنما گل محمد مری اور رکن سندھ اسمبلی فراز دیرو کے دو سرکاری محافظ ہلاک اور6افراد زخمی ہوگئے۔ تین شدید زخمیوں کونواب شاہ منتقل کیاگیا جہاں ایک شخص گل محمد شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی۔ بازار اور دکانیں بند ہوگئیں۔ پولیس اور رینجرز کا علاقے میں گشت جاری ہے۔ نظامانی محلے میں گھر گھر سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
گزشتہ ماہ بھی سانگھڑ میں بلدیاتی الیکشن کا سجنے والا میداان اس وقت ویران ہوگیاتھا جب پیپلزپارٹی کے رہنما جمال دین آرائیں کے بیٹے سعود آرائیں کو قتل کردیاگیاتھا اورحالات کشیدہ ہونے پر 19نومبر کے الیکشن ملتوی کرکے نئی تاریخ 17دسمبر مقرر کی گئی۔