15 دسمبر ، 2015
لاہور.......پاک بھارت سیریز میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک نے بھی شہریار خان کو بی سی سی آئی کے جواب سے آگاہ کردیا کہ سیریز کھیلنے کے لئے وہ اب تک حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔
پہلے تاریخ پر تاریخ،پھر ڈیڈ لائن پر ڈیڈ لائن۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جائلز کلارک نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو بتا دیا ہے کہ انہیں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا اور وہ ابھی تک حکومتی گرین سگنل کا انتظار کر رہے ہیں۔
وقت کم ہونے کی وجہ سے سیریز ختم ہونے کا بی سی سی آئی کو خط لکھنے کا اعلان اور پھر جائلز کلارک کے ایک فون پر مزید انتظار کرنے کا اعلان اور اب پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں سناٹا۔
پی سی بی کا کوئی عہدیدار اب پاک بھارت سیریز کے اسٹیٹس پرتبصرہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔سیریز عملی طور پر ختم ہو چکی ہے، اسی خاموشی کو اب سیریز ختم ہونے کا اعلان سمجھا جائے۔