16 دسمبر ، 2015
اسلام آباد........وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کا کہنا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ وفاق سندھ کی جمہوری حکومت کو مضبوط کرے گا
قزاقستان کے قومی دن کے موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کوئی غیر آئین و غیر جمہوری آپشن استعمال نہیں کیا جائے گا۔گورنر راج کبھی بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کا آپشن نہیں رہا ہے۔ہم نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے قربانیاں دی ہیں۔
گورنر راج لگانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کچھ آرٹیکلز کو استعمال میں لاکر ایف آئی اے کو بااختیار کرسکتے ہیں،کیونکہ اس کی حدود پورا پاکستان ہے۔مگر یہ آخری سٹیج ہوگی ۔
ایک سوال پر رانا تنویر نے لیڈر آف اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ زیادتی کرتے ہیں،چوہدری نثار نے متوازن بیان دیا تھا۔
لیڈر آف اپوزیشن حدود سے تجاوز کرکے زیادتی کرتے ہیں جو انہیں نہیں کرنی چاہیے۔وفاقی حکومت آئین کے تحت صوبائی اداروں کو براہ راست ہدایت بھی کرسکتی ہے۔وزیر داخلہ نے بیلنس بات کی ہے۔یہ بڑا معاملہ ہے کہ صوبائی حکومت کہتی ہے کہ رینجرز کرپشن کو ٹچ نہ کرے۔
رانا تنویر کا مزید کہناتھا کہ اگر سندھ حکومت سے حالات خراب ہو بھی گئے تو ہمارے پاس دیگر کئی آپشنز موجود ہیں،جن کو ہم اس آپریشن کو مکمل کرنے کے لیے استعمال کریں گے۔تاہم امید ہے معاملہ جلد حل ہوجائے گااور انتہائی نوبت نہیں آئے گی۔