16 دسمبر ، 2015
اسلام آباد.......ملک بھر کی طرح آرمی پبلک اسکول راولپنڈی میں بھی شہدائے اے اپی ایس پشاور کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، بچوں نے معصوم پھولوں کے لیے دعائیں مانگیں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔
یہ ہمت، یہ جذبہ، یہ عزم، یہ حوصلہ پاکستان کے ہر بچے کی ذات کا حصہ بن گیا ہے۔ گذشتہ سال 16دسمبر کو معصوم بچوں کے خون سے روشن ہونے والے چراغ آج ہرسو روشنی بکھیر رہے ہیں۔
ملک بھر کی طرح راولپنڈی آرمی پبلک اسکول کے بچوں نے بھی شہیدوں سے تجدید عہد کیا کہ جہالت کوعلم سے شکست دیں گے۔
طالبات نے شہدائے اے پی ایس کو خراج تحسین پیش کیا، دہشت گردی کو مٹانے کے عزم کا اظہار اور ملک کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔اساتذہ اور بچے جانتے ہیں کہ صرف علم کی طاقت سے دشمن کو شکست دی جاسکتی ہے۔
ایک استاد کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں۔ ایک طالبہ نے کہا کہ ہم جھکے نہیں ہیں، پڑھیں گے اور دوسروں کو بھی پڑھائیں گے۔
بچوں نے شہدائے اے پی ایس اور زخمی بچوں کے نام پیغامات بھی لکھے اور یقین دلایا کہ اُن بچوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔