17 دسمبر ، 2015
ماسکو........یورپی ماہرین نے روسی صدر پوٹن کی مخصوص چال کو ان کے ’’کے جی بی‘‘ کے دور کی یادگار قرار دے دیا ۔ میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں یورپی ماہرین دماغ و اعصاب نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ جب روسی صدر چلتے ہیں تو ان کا دایاں ہاتھ بائیں ہاتھ کے مقابلے میں ذرا کم حرکت کرتا ہے۔ جو ان کے اس دور کی یادگار ہے جب وہ روسی جاسوسی ادارے کے جی بی کا حصہ تھے اور انہیں اسلحہ چلانے کی تربیت دی گئی تھی ۔
کے جی بی کے جاسوسوں کو اس بات کی ہدایت دی جاتی تھی کہ وہ اسلحہ اپنے دائیں ہاتھ کی جانب سینے کے قریب رکھیں اور آگے بڑھتے وقت اپنے جسم کا بایاں حصہ آگے رکھیں تاکہ کسی دشمن کا سامنے ہونے کی صورت میں فوری طور پر اسلحہ نکالنے میں آسانی ہو ۔
یورپی ماہرین نے اپنی بات کے ثبوت کے طور پر روس کے دیگر متعدد رہنمائوں کی مثالیں بھی پیش کی ہیں جس کے مطابق وزیر اعظم دیمتری میدویدوف کے علاوہ سابق وزرائے دفاع اناتولی سردیوُکووف ،سرگئی آئیوانوف اور سینئر روسی ملٹری کمانڈر اناتولی سدوروف کے چلنے کا بھی یہ انداز تھا ۔
پوٹن کی طرح سرگئی آئیوانوف کا تعلق بھی کے جی بی سے رہ چکا ہے اور انہوں نے سرد جنگ کے زمانے میں یورپ میں خدمات انجام دی تھیں ۔