18 دسمبر ، 2015
لاہور......بھارتی اداکار اوم پوری کاکہناہے کہ بٹوارا نہ ہوتا تو لاہور ہندوستان کی فلمی صنعت اورتھیٹر کا مرکز ہوتا، گائے کا گوشت کھانے پرپابندی لگانےوالےمنافق ہیں، دادری میں ہونےوالےواقعات ہندوستان کے ماتھے پرکلنک کا ٹیکہ ہیں،کرکٹ پرپابندی نہیں ہونی چاہیے۔
بھارتی اداکار اوم پوری، ہدایتکار مدھربھنڈارکر کےہمراہ پہنچےلاہور۔ الحمرا ہال میں رفیع پیرفلم فیسٹیول کےموقع پرمیڈیاسے گفتگو میں وہ محبتیں بانٹتےاورنفرت پھیلانےوالوں سےنفرت کرتےدکھائی دیئے، کہتےہیں، بدقسمتی ہے کہ چند لوگوں کےباعث دونوں ہمسایہ ممالک بدنام ہورہےہیں۔
اوم پوری کہتےہیں کہ اپنے لوگوں سےکہتاہوں، اگرپاکستان ان کا دشمن ہے تو ان کے اپنے بچے کیوں مارے جا رہے ہیں، ان کی اپنی مساجد میں کیوں بم پھوٹ رہے ہیں؟
اوم پوری کامانناتھاکہ بھارت میں ایک طبقہ انتہاپسندہے،غلام علی کی مخالفت صرف ممبئی میں ہوئی، سب جانتے ہیں اس کے پیچھےکون ہے،یہ کہتےہوئےبظاہرمزاحیہ اندازمیں اوم پوری یہ بھی کہہ گئےکہ اب اگربھارت میں ان کےساتھ کچھ ہوا، تو وہ پاکستان آ جائیں گے۔
بالی وڈ ہدایتکار مدھربھنڈارکر بھی پہلی بار لاہور آنےاور پاکستانیوں کے جانب سے محبتیں ملنے پر کافی خوش دکھائی دیئے۔