28 مئی ، 2012
لاہور… لاہور سمیت ملک بھر میں ریلوے انجن شیڈ ملازمین نے پندرہویں روز بھی 4گھنٹے کی علامتی ہڑتال کی اور اس دوران کوئی انجن شیڈ سے نکلنے نہ دیا گیا۔ ہڑتالی ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ ان کے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو وہ کل 29مئی کو ریل کا پہیہ جام کر دیں گے۔ لاہورمیں انجن شیڈ ملازمین نے آج پندرویں روز بھی صبح 7سے 11بجے تک علامتی ہڑتال کی، ملازمین کی ہڑتال کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثرہوئی۔ ریلوے انجن شیڈ یونین کے سیکریٹری عنایت علی گجرنے خبر دار کیاہے کہ ان کے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو وہ مجبوراً کل 29 مئی کوریل کاپہیہ جام کردیں گے۔ انہوں نے ریلوے انجن شیڈملازمین کاٹیکنیکل الاوٴنس اور پے اسکیل بڑھانے اور چھٹی کے روز کام کا ڈبل معاوضہ دینے کے مطالبات کئے۔