28 مئی ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل سمیت صوبے کی تین جیلوں کو راشن کی سپلائی بند کر دی گئی ہے جبکہ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ٹھیکیداروں نے نوٹس دیا ہے سپلائی بند نہیں کی ہے۔ کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل،تربت جیل،اور گڈانی جیل کو راشن کی سپلائی بند کردی گئی ہے راشن کی سپلائی بلوں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کی بنیاد پرمنقطع کی گئی ہے ۔ کوئٹہ جیل میں راشن کی مد میں 77لاکھ، تربت جیل کے 13لاکھ،اور گڈانی جیل کے 17لاکھ روپے واجب الادا ہیں جوکہ مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ہیں ۔ جیل حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ ٹھیکیداروں کی جانب سے جیل راشن سپلائی کی بندش کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات کو تحریری نوٹس مل گیا ہے جس میں انھوں نے جون سے سپلائی بند کرنیکا تحریر کیاہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نور احمد پرکانی صوبہ سے باہر تھے انکی واپسی ہوئی ہے امید ہے کہ مسلہ حل کر لیا جائے گا دوسری جانب ٹھیکیداروں کا موقف ہے کہ جب تک واجبات ادا نہیں کئے جائیں گے جیلوں کو راشن کی سپلائی بحال نہیں کی جائے گی۔