29 دسمبر ، 2015
مردان ........مردان میں نادراآفس کے گیٹ پر خودکش دھما کے میں18فراد جاں بحق اور40سے زائد زخمی ہوگئے۔ڈی پی او مردان کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب خودکش حملہ آور نے موٹرسائیکل نادرا دفتر کے گیٹ سے ٹکرادی۔
نادرا آفس مردان کے مصروف ترین علاقے میں واقع ہے، جہاں شہریوں کا رش رہتا ہے اور دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ وہاں موجود تھے۔لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال میں 4 جاں بحق افراد کی لاشیں لائی گئیں۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ہارون باچا کے مطابق دھماکے میں 18افرادجاں بحق اور42زخمی ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کیا جارہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرحارث کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 10افرادکی حالت نازک ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے مردان دھماکے کی مذمت کی ہے جبکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔