01 جنوری ، 2016
مدینہ منورہ ........ترکی کے ایک سرکردہ صحافی کی اچانک موت کی خبر پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن سخت دل گرفتہ ہوئے اور اپنا دورہ سعودی عرب مختصر کر کے ترکی واپس لوٹ آئے ۔
عرب ٹی وی کے مطابق 58 سالہ حسن قرہ قایا کے صدر ایردوآن کے ساتھ گہرے مراسم تھے۔ چند روز قبل اْنہیں دل میں تکلیف کے بعد مدینہ منورہ کے شاہ فہد اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں گذشتہ روز وہ دم توڑ گئے۔
صدر ایردوآن کو قرہ قایا کی موت سے قبل ان کی خرابی صحت کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا جس پر وہ عیادت کے لیے شاہ فہد اسپتال کی طرف روانہ ہوئے مگر ان کے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی حسن قایا کا انتقال ہوگیا۔ساتھی صحافی کی فوتگی کے بعد صدر ایردوآن نے مرحوم کی بیوہ اور اخبار’’یعنی عقد‘‘ کی انتظامیہ سیٹیلیفون پر تعزیت کی۔
بعد ازاں صدر ایردوان اسی طیارے پر وطن واپس ہوئے ہیں جس پر حسن قرہ قایا کا جسد خاکی لایا جا رہا ہے۔