04 جنوری ، 2016
بیجنگ......چین کے سرد ترین شہر ہربن میں32ویں سالانہ آئس اینڈ اسنوفیسٹیول کی تیاریان آخری مراحل میں پہنچ گئی ہیں جو 5جنوری سے باقاعدہ عوام کیلئے کھول دیاجائے گا۔
برف کا یہ منفرد میلہ دنیا کے چار عظیم اسنو فیسٹیولز میں سے ایک ہے جس میں ہر سال چین اور دنیا بھر سے برف کے مجسمہ ساز اور آرٹسٹ جمع ہوکر خوبصورت شاہکار تخلیق کرتے ہیں۔
رواں سال اس میلے کو حتمی شکل دینے کیلئے10ہزارسے زائد ورکرز اور آرٹسٹ میدان میں موجود ہیں جنہوں نے 6لاکھ اسکوائرمیٹر رقبے پر کئی میٹر اونچے ٹاورز اور شاندار آئس سلائیڈ کے علاوہ سینکڑوں برفیلے مجسمے تیار کیے ہیں۔
یہ برفانی میلہ ہر سال تقریباً ڈیڑھ ماہ تک چین کے شہر ہربن میں جاری رہتا ہے جہاں فروری کے اختتام تک سیاحوں کی بڑی تعداد برف سے بنائے گئے مجسمے اورآرٹ کے انمول نمونے دیکھنے جمع ہوتی ہے۔