10 جنوری ، 2016
اسلام آباد ......سعودی نائب ولی عہد اوروزیردفاع شہزادہ محمدبن سلمان آج 1 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے ، پاکستانی ہم منصب سے مشرق وسطی کی صورتحال اور34 ملکی اتحاد پر بات ہوگی۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے دورے کے بعد سعودی وزیر دفاع اور نائب ولی عہد پاکستان کے اہم دورے پرآج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،شہزادہ محمد بن سلمان اعلیٰ سول و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد سلمان اتوار کو اسلام آباد پہنچیں گے، وہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اہم ملاقاتیں کرینگے،جس میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔
شہزادہ محمد سلمان کی نورخان ائیر بیس آمد پر وزیردفاع خواجہ آصف ان کااستقبال کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدہ صورت حال اور اس کے خطے پر اثرات پر بھی بات چیت ہوگی۔
سعودی وزیر دفاع پاکستانی قیادت کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام بھی پہنچائیں گے ، وہ پاکستانی قیادت کے ساتھ 34ملکی اتحاد میں شمولیت اور کردار پر بھی بات چیت کریں گے۔