10 جنوری ، 2016
کراچی.......ورلڈ ٹی ٹونٹی 2009 کی فاتح ٹیم کےکپتان یونس خان کو ورلڈ ٹی20 کی ٹرافی کے دورہ پاکستان میں نظر انداز کر دیا گیا ۔
یونس خان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2009 میں انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 میں کامیابی حا صل کر کے تاریخ رقم کی ہے لیکن بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016 کی ٹرافی پاکستان کے دورے پر ہے اور پیرکے روز آرمی پبلک اسکول پشاور جائے گی جہاں ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی موجود ہوں گے،لیکن پاکستان کو ٹی20ورلڈ کپ جتوانے والے یونس خان نظر انداز ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی واحد کامیاب ٹیم کے کپتان یونس خان کو پی سی بی کی جانب سے نظر انداز کیئےجانے پرکرکٹ کے حلقوں میں حیرانگی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اگر پی سی بی کا یہ کہنا مان بھی لیا جائے کہ یونس خان ون ڈے کپ میں مصروف ہیںتو حقیقت کچھ اس طرح ہے کہ یونس خان کی ٹیم کا 12 جنوری کو میچ اسلام آباد میںہے اور جس روز ٹرافی کی تقریب ہے وہ ون ڈے ٹورنامنٹ کا ریسٹ ڈے ہے۔ اگر پی سی بی عزت افزائی کرنا چاہتا تو سابق کپتان یونس خان کو اسلام آباد سے پشاور لانا کوئی ناممکن کام نہیں تھا ۔