11 جنوری ، 2016
واشنگٹن ........امریکی صدر براک اوباما منگل کو اپنے دور صدارت کا آخری سٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے ۔جس میں وہ امریکی انتظامیہ کی کارکردگی اور پالیسیوں کے بارے میں بات کریں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے کہ اوباما اپنی انتظامیہ کے اقدامات کی تعریف کرنے کے علاوہ بھی بہت کچھ کہیں گے۔وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف ڈینس مکڈونو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر مستقبل کے بارے میں بات کریں گے۔
میکڈونو جو صدر کی تقریر لکھنے میں مدد کر رہے ہیں،انکا کہنا ہے کہ وہ عملی اقدامات کی بات کریں گے۔وہ اسے روایتی پالیسی تقریر نہیں بنانا چاہتے جس میں وہ کچھ تجاویز کا ذکر کریں گے۔ میکڈونو کے مطابق ہم آئندہ سال کے دوران کئی پالیسی اقدامات کریں گے۔
صدر اوباما کے خطاب پر رپبلیکن ردعمل ساؤتھ کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلے پیش کریں گی جن کے بارے میں کئی افراد توقع کر رہے ہیں کہ انہیں نائب صدر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے۔ اوباما نے اپنے دور صدارت کے آخری سٹیٹ آف دی یونین خطاب کے موضوعات پر بات کرتے ہوئے ہفتے کو کہا تھاکہ کہ امریکہ کچھ بھی کر سکتا ہے۔