14 جنوری ، 2016
نئی دہلی.......بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انتہا پسندوں کی طرف سے پی آئی اے کے دفتر پرحملہ کیا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے دہلی میں اپنے عملےکودفترچھوڑنےکی ہدایات جاری کردی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق بجرنگ دل سے ہے جنہوں نے پی آئی اے کے دفترکے ریزرویشن کاؤنٹر کے شیشے توڑ دیے ۔ حملہ آوروں نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اورعملے کوہراساں کیا۔ انہوں نے پاکستان مخالف نعرے لگائے اور عملے کو فوری طور پر بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی ۔
پی آئی اے انتظامیہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عملہ محفوظ ہے۔
دوسری طرف پاکستانی ہائی کمیشن نے پی آئی اے کے دفتر پرحملے کے خلاف بھارتی حکومت سے احتجاج کیا ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن منظور میمن کا کہنا ہے کہ صورت حال کاجائزہ لے رہے ہیں،حملہ آور انتہا پسند ہیں۔ حملے کے وقت دفتر میں عملے کے14سے15افراد موجود تھے تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت سے پی آئی اے دفترکی سیکیورٹی بڑھانے کامطالبہ کیاگیا ہے۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کا دفتر دہلی شہر کے وسط میں واقع ہے۔