01 جون ، 2012
لاہور… لوڈشیڈنگ کیخلاف آج بھی ملتان ،ڈیرہ غازی خان اور ٹھٹھہ میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ دیربالا اور لاڑکانہ میں گزشتہ روز سے بجلی غائب ہے۔ گزشتہ روز فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کے خلاف پرتشدد مظاہروں میں مشتعل افراد نے نجی بنک اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ ملتان کے بوسن روڈ پر شہریوں کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مشتعل افراد نے حکام کے پتلے اور ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی۔ ڈیرہ غازی خان کے شہریوں نے گدائی روڈ جبکہ شیخوپورہ میں مظاہرین نے لاہور روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ ادھر خیبرپختون خوا کے علاقے دیربالا میں گزشتہ رات سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہری سخت پریشان ہیں۔ واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ گرڈاسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث بجلی بند ہے۔ ٹھٹھہ شہر اور گردونواح میں بھی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔لاڑکانہ میں 132کیوی گرڈ اسٹیشن میں گزشتہ روز لگنے والی آگ کے نتیجے میں متاثر ہونے والی کیبلوں کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہوسکا جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے۔