28 جنوری ، 2012
لاہور . . . . . سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک میں بد امنی ، ناانصافی کے باعث ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) اقتدار میں آنے کے بعد اسلامی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایسا معاشی نظام بنائے گی کہ کوئی زکوٰة لینے والا بھی نہیں رہے گا۔ لاہور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما ندیم طاہر کی بھتیجی کا نکاح پڑھانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے کراچی میں ایک کامیاب جلسہ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام انصاف کی فراہمی کے لئے جمعیت علمائے پاکستان کی جانب ہی دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تین بڑی جماعتوں نے مسلسل حکومت کرنے کے باوجود عوام کے مسائل حل نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے اسمبلیوں کا حصہ رہنے کے باوجود این آر او سے مستفید ہونے کی ضرورت نہیں پڑی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کوئی بنیاد نہیں یہ ایک نئی تنظیم ہے جس میں پرویز مشرف کی باقیات آ گئی ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ ایم ایم اے نے کبھی پرویز مشرف کا ساتھ نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکشن بائیکاٹ کے باعث ایم ایم اے غیر فعال ہوئی تھی تاہم جماعت اسلامی سے رابطہ ہے اور اس میں پیشرفت بھی ہوئی ہے۔