01 جون ، 2012
اسلام آباد … ایک طرف تو سود اور قرضوں کی ادائیگی پر 9 کھرب اور دفاع پر ساڑھے 5 کھرب روپے خرچ ہو رہے ہیں تو دوسری جانب تعلیم پر صرف 47 ارب اور صحت پر صرف 7 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ وفاقی بجٹ کے میزانیے کے مطابق اس سال تعلیم کا بجٹ 39 ارب تھا لیکن 45 ارب روپے خرچ کیے گئے اور آئندہ سال 47 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ یہ رقم تعلیم کے جاری اخراجات، وظائف اور تنخواہوں کیلئے مختص ہیں۔ پرائمری اسکولوں کیلئے ساڑھے 4 ارب اور سیکنڈری اسکولوں کیلئے ساڑھے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صحت کیلئے اس سال ساڑھے 6 ارب روپے خرچ کئے گئے اور آئندہ سال 7 ارب 84 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ سماجی شعبہ کیلئے آئندہ بجٹ میں ایک ارب 30 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔