01 جون ، 2012
اسلام آباد … فنانس بل 2012ء کے مطابق یکم جولائی سے سی این جی 12 سے 15 روپے فی کلو جبکہ یوریا کھاد کی 50 کلو بوری 125 روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ بل کے مطابق 2سال کیلئے صدر یا وزیراعظم رہنے والوں کو تاحیات مراعات سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ فنانس بل 2012ء کے مطابق سی این جی کو فراہم کی جانے والی گیس پر ٹیکس میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے، جس میں سی این جی پر فی ایم ایم بی ٹی یو 200 روپے ٹیکس کی تجویز دی گئی۔ سیس ٹیکس لگنے سے یکم جولائی سے یوریا کھاد کی 50 کلو بوری 125 روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے، یوریا کھاد کی فی بوری 1790 روپے کی ہو جائے گی۔ فنانس بل کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، افریقا اور سارک ممالک کا فضائی سفر 500 روپے مہنگا ہوجائے گاکیونکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں فضائی ٹکٹ پر اضافہ کیا گیا ہے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی نئی شرح 3840 روپے ہو جائے گی۔ فناس بل کے مطابق بزنس کلب اور فرسٹ کلاس مسافر کیلئے ٹکٹ 2500 روپے مہنگا ہوجائے گا، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی نئی شرح 6840 روپے ہو گی ۔