پاکستان
03 فروری ، 2016

پی آئی اے ملازم سلیم اکبر کی کراچی میں نمازِ جنازہ کے بعد تدفین

پی آئی اے ملازم سلیم اکبر کی کراچی میں نمازِ جنازہ کے بعد تدفین

کراچی.......پی آئی اے ملازمین کے احتجاج میں فائرنگ سے جاں بحق ایئرکرافٹ انجینئر کو ماڈل کالونی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست عدالت میں جمع کرادی۔پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کی درخواست جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وکیل نے عدالت میں جمع کرائی۔

درخواست میں سینیٹر مشاہد اللہ، وزیراطلاعات پرویز رشید، مشیر ہوابازی شجاعت عظیم، بریگیڈیئر ریٹائر آصف، سیکریٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی اور دیگر کو ایف آئی آر میں نامزد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانا ایئر پورٹ کو کل طلب کیا ہے۔

دوسری جانب ماڈل کالونی میں ایئرکرافٹ انجینئرسلیم اکبر کی تدفین کردی گئی، نماز جنازہ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے پڑھائی جس میں جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم قاتلوں کو منظر عام پر نہ لائے تو عوام قاتلوں کو پہچان جائیں گے، حکومت جان لے کہ نجکاری کا انجام کیا ہوگا۔

مزید خبریں :