02 جون ، 2012
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے وفاقی وزراء احمد مختار اور سید نویدقمر میں دفاع اور پانی و بجلی کے وفاقی وزارتوں کے قلم دان ، تبدیل کردیئے ہیں۔سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر پانی و بجلی سید نویدقمر سے یہ قلم دان واپس لے کر انہیں وزارت دفاع کا قلم دان دے دیا گیا ہے، اسی طرح احمد مختار کو وزارت دفاع سے ہٹا کر وزارت پانی و بجلی کا چارج دے دیا گیا ہے۔جیو نیوز کے تجزیہ نگار حامد میر کے مطابق ن لیگ کے اس الزام کے باعث کہ لوڈشیڈنگ میں پنجاب کے ساتھ زیادتی ہورہی ،سندھ میں لوڈشیڈنگ زیادہ نہیں ہور ہی، نوید قمر کا تعلق چونکہ سندھ سے تھا اس لئے انہیں ہٹایا گیا ، نوید قمر کا کہنا تھا کہ وہ پاور جنریشن کمپنیز کو پیسے دیئے بغیر لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں کرسکتے۔احمد مختار کو وزیر پانی و بجلی اس لئے بنایا گیا ہے کہ ان کا تعلق پنجاب سے ہے اورانہوں نے چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ پچاس فیصد ختم کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے۔