29 جنوری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ… ہمیشہ مرد ہی اظہار محبت میں پہل کرتے ہیں، رومانوی لمحات میں مرد صنف نازک کی نسبت تین گنا زیادہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،مردوں کو محبت میں گرفتار ہونے کے احساس میں چند ہفتے جبکہ خواتین کو چند ماہ لگتے ہیں ،مرد اپنے ساتھی کے ساتھ گفتگو میں صاف گو ہوتے ہیں۔ مردو خواتین میں رومانوی احساسات یکساں ہوتے ہیں لیکن خواتین محبت اورا حساسات کے اظہار میں مردوں کی نسبت زیادہ محتاط ہوتی ہیں۔برطانوی اخبار نے ایک امریکی تحقیق کے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مرد ہی ہمیشہ محبت کے اظہار میں پہل کرتے ہیں اور اس میں کتنی حقیقت ہے کہ مرد کیوں کہتے ہیں کہ ’مجھے تم سے محبت ہے‘ ۔امریکی سائنسدان کہتے ہیں کہ یہ تین چھوٹے سے الفاظ کسی بھی رشتے میں اہم سنگ میل کی احیثیت رکھتے ہیں اور یہ سچ ہے کہ ’I love you‘ کہنے میں مرد ہی پہل کرتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس کے سحر میں گرفتار ہو چکا ہے ۔تحقیق نے پرانے اور دقیانوسی تصورات کو حیرت انگیز طور پر چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ رومانوی لمحات میں عورتیں اظہار محبت نہیں کرتی بلکہ ہمیشہ مردوں کی طرف سے ’میں تم سے محبت کرتا ہوں‘ کے اظہار کا امکان ہوتا ہے۔ تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیاہے کہ نوجوان مرد وں میں اپنی صنف نازک (محبوبہ)کی نسبت تین گنازیادہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرد اپنی محبوبہ کے ساتھ گفتگو میں صاف گوئی سے کام لیتے ہیں ۔تحقیق میں شامل 87فی صد کو یقین تھا کہ پہلے خواتین محبت میں گرفتار ہوتیں ہیں ، جبکہ تین چوتھائی کا کہنا ہے کہ خواتین اظہار محبت میں پہل کرتی ہیں۔لیکن جب ان کے اپنے ذاتی تجربات کے بارے پوچھا گیا تو مردوں نے کہا کہ انہیں چند ہفتوں بعد احساس ہو ا کہ وہ محبت میں گرفتار ہو چکے ہیں جب کہ اس کی نسبت خواتین کو محبت میں گرفتار ہونے کے احساس میں چند ماہ لگے۔64فی صد مردوں نے کہا کہ انہوں نے اظہار محبت میں پہل کی جب کہ اس کی نسبت18فی صد خواتین نے اظہار محبت میں پہل کی۔ تحقیق کے مطابق مردو خواتین میں رومانوی احساسات یکساں ہوتے ہیں لیکن خواتین محبت اور احساسات کے اظہار میں زیادہ محتاط ہوتی ہیں جب کہ مردوں میں محبت اورجنسی خواہشات جلد اظہار کی وجہ بنتی ہیں۔ پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق25سال سے کم عمر171طلباء و طالبات کے ساتھ انٹرویو کے بعد اخذ کی گئی جسے سماجی نفسیات کے جریدے میں شائع کیا گیا۔