11 فروری ، 2016
اسلام آباد......پیمرا نے ملالہ یوسف زئی اور ان کے خاندان سے متعلق غیر شائشہ اور غیر مہذب پروگرام پر اے آر وائی نیوز کو وارننگ جاری کر دی۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ غداری اور کفر کے سرٹیفکیٹ دینا ٹی وی اینکرز یا پروگرام کے شرکاء کا کام نہیں۔پیمرا سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے آر وائی نیوز پر 7 فروری کی رات10بجے پروگرام ’’سوال یہ ہے‘‘ نشر کیا گیا، جس میں ملالہ یوسف زئی اور ان کے خاندان سے متعلق غیر شائستہ و غیر مہذب زبان استعمال کی گئی۔
پیمرا کے مطابق پروگرام میں بغیر ثبوت یک طرفہ الزاامات لگائے گئے، یہاں تک کہ انہیں وطن کا غدار، گستاخ اللہ و گستاخ رسول قرار دیا گیا اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ یہ غیر پیشہ ورانہ حرکت ہے، جو پیمرا قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے،اے آر وائی نیوز آئین پاکستان اور پیمرا قوانین کے منافی ایسے پروگرام نشر کرنے سے گریز کرے جس سے اشتعال انگیزی پیدا ہو یا کسی کی جان کو خطرہ ہو۔