پاکستان
29 جنوری ، 2012

ہماری جماعت اکبربگٹی کی قاتل نہیں ہوسکتی، چوہدری شجاعت

ہماری جماعت اکبربگٹی کی قاتل نہیں ہوسکتی، چوہدری شجاعت

کوئٹہ…پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نواب اکبر بگٹی نے ہمیشہ ان پر اور مشاہد حسین پر اعتماد کا اظہار کیا، ان کی جماعت ان کی قاتل نہیں ہوسکتی جبکہ مشاہد حسین سید نے کہا ہے آئندہ انتخابات میں ان کی جماعت سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلام آباد کاسیاسی موسم اب ٹھنڈا ہے ،اسے دوبارہ گرم کرنا پڑے گا،نواب اکبر بگٹی قتل کے بارے میں مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ نواب بگٹی کا قتل پرانی بات ہے اور اب یہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے، دوسری جانب چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ نواب بگٹی نے ہمیشہ ان پر اور مشاہد حسین پر اعتماد کا اظہار کیا ان کی جماعت ان کی قاتل نہیں ہوسکتی، اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ سب سے پہلے ان کی جماعت نے اٹھایا اور یہ مسئلہ حل بھی ان ہی کی جماعت کرے گی۔ مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ایک قومی جماعت ہے اور اس کی جڑیں عوام میں ہیں جبکہ ان کی جماعت کا ملکی سیاست میں کردار مثبت رہا ہے، اپنے دورہ کوئٹہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ کے انتخابات اور پارٹی کے معاملات پر مشاورت کے لئے کوئٹہ پہنچے ہیں اور اس حوالے سے فیصلوں کا اعلان صوبے میں پارٹی رہنماوں اور آج اجلاس کے بعد کریں گے۔

مزید خبریں :