05 جون ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں آج سے احتجاجی پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے گا، حکومت سے بیک ڈور کوئی رابطہ نہیں ہے ، مولانافضل الرحمان ہم سے ناراض نہیں، ان کی حکومت سے دوستی زیادہ ہے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے پارلیما نی لیڈر چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ہمارے چند ارکان صرف عوام کو حقائق بتانے کیلئے بجٹ بحث میں حصہ لیں گے، وزیر اعظم یا کوئی حکومتی وزیر، مشیر قومی اسمبلی میں تقریر کرے گا تو احتجاج کیا جائے گا، مسلم لیگ ن کٹوتی کی کوئی تحریک پیش نہیں کرے گی۔ چوہدری نثار نے ایک سوال پر کہا کہ حکومت سے جو بھی بات ہو گی وہ بیک ڈور نہیں بلکہ عوام کے سامنے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے آئین کا مذاق اڑایا اور پیپلزپارٹی کی رکن بن کر رولنگ دی، پارلیمنٹ میں ہنگامہ نہیں احتجاج کیا ہے، اب صرف جلسے نہیں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے مسلم لیگ (ن) کا اتحاد ہوچکا، صرف عمران خان نہیں یوسف رضا گیلانی بھی ن لیگ سے استعفے مانگ رہے ہیں تاکہ انہیں میدان کھلا مل جائے اور حکومت اپنی مرضی کا الیکشن کمشنر اور نگران سیٹ اپ لا سکے۔