23 فروری ، 2016
اسلام آباد.......دیسی دوا کو ملٹی نیشنل برانڈ بنا کر مہنگے داموں بیچنے والی نجی کمپنی کے ایم ڈی اور ملازم کو مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔
نیب نے گرفتار ملزمان میاں خالد محمود اور طارق حیدر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا ۔
نیب پراسیکیوٹر طاہر ایوب نے عدالت کو بتایا کہ یہ80 کروڑ روپے کا فراڈ ہے، مقامی دوا کو ملٹی نیشنل برانڈ بنا کر فروخت کرنے سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا، ملزمان کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرنی ہیں ، مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
ملزمان کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی تاہم عدالت نے 7 روز کا مزید جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے سماعت یکم مارچ تک ملتوی کرد ی ۔