24 فروری ، 2016
کراچی......سندھ ہائیکورٹ انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں رینجرز نے’’را‘‘ سے تربیت کے الزام میں گرفتار 3ملزمان کو پیش کر کے 90روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔
رینجرز کے کرنل شاہد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں ملزمان نے بھارتی ایجنسی را سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی، جس کے بعد کراچی میں دہشت گردی، اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں کی جبکہ ایک بدنام عسکریت پسند گروپ کے دیگر لڑکوں کو تربیت بھی دی۔
رینجرز کے کرنل شاہد نے مزید بتایا کہ گزشتہ شب گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں کارروائی کر کے بدنام عسکریت پسند گروپ کے تین ملزمان میں فہیم عرف مرچی، ریاض عرف لکڑ اور ناصر عرف کھجی کو گرفتار کیا۔
کرنل شاہد کے مطابق تینوں ملزمان 1994ءمیں بھارت گئے تھے جہاں ان کی ملاقات ابتداء میں مرسلین سے ہوئی، ملزمان بنکاگ بھی گئے جہاں ان کی ملاقات طاہر عرف لمبا سمیت دیگر سے بھی ہوئی، ملزمان کو بھارت میں دہشت گردی کی تربیت دی گئی۔
کرنل شاہد کے مطابق تربیت حاصل کرنے کے بعد وہ کراچی واپس آئےاور یہاں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی وارداتوں کا آغاز کیا، ملزمان نے عسکری گروپ کے دیگر لڑکوں کو بھی کراچی میں تربیت دی۔
رینجرز نے تینوں ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر کے ان کا 90روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔