پاکستان
24 فروری ، 2016

آصف زرداری کا بیان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے گلے کی ہڈی بن گیا

آصف زرداری کا بیان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے گلے کی ہڈی بن گیا

اسلام آباد......آصف زرداری کا بیان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے گلے کی ہڈی بن گیا،جو نہ نگلی جائے نہ اگلی جائے۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے سوال ہوا تو وہ کنی کترا گئے، گیند قمرزمان کائرہ کے کورٹ میں پھینک دی۔

کائرہ بولے، مبینہ بیان سے پارٹی کو نقصان ہوا،آصف زرداری اس وقت امریکا میں ہیں ان سے رابطہ کر کے جواب دیں گے، بیان کی تحقیقات کا نہیں کہا تھا یہ کہا تھا کہ دیکھیں گے کہاں سے آیا۔

آصف زرداری نے فوج کے حق میں بیان دیا یا نہیں،پیپلز پارٹی بیان کہاں سے آیا کے چکر میں گھن چکر ہو گئی۔ بیان کے مندرجات تو ٹھیک،مگر آیا کہاں سے ہم دیکھیں گے۔ قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ ایسے قیاس آرائیوں پر مبنی بیانات کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

اندرونی اور بیرونی دشمن ملکی سلامتی، امن وامان اور قومی ترقی کو بدترین خطرات سے دوچار کررہے ہیں، پوری قوم اور سیاسی قوت مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہو کر دہشت گردی کو جڑسے اکھاڑ پھینکے،’’آپریشن ضرب عضب‘‘ سے ملک میں امن وامان کی صورتحال بہترہوئی، قومی تاریخ کے اس نازک موڑ پر جنرل راحیل شریف کا ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان قبل از وقت ہے، اعلان سے عوام کی امید، مایوسی میں بدلنے اور منفی تاثر آنے کا امکان ہے،ملکی سلامتی کے تناظر میں وقت آنے پر فیصلہ کرنا چاہیے،یہ کہا تھا شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے گزشتہ روز ان سے منسوب کیے گئے ایک بیان میں۔

مگر یہ بیان پیپلز پارٹی کے ر نماؤں کے گلے کی ہڈی بن گیا جو نہ نگلی جائے نہ اگلی جائے۔ کچھ ایسا ہی ہوا آج پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت کی پریس کانفرنس میں۔ زرداری صاحب کا بیان کہاں سے آیا کا سوال آیا تو خورشید شاہ نے اسے قمر زمان کائرہ کی جانب ڈائی ورٹ کر دیا۔

ایک نکتے نے محرم سے مجرم کر دیا، گویا آصف زرداری کا بیان پیپلز پارٹی کے لیے نہ صرف مبینہ ہو گیا بلکہ قیاس آرائیوں پر مبنی قرار پایا،پیپلز پارٹی کو آصف زرداری سے منسوب بیان کے فوج سے متعلق پہلے حصے پر تو کوئی اعتراض نہیں مگر آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کے معاملے پر جواب گول مول ہے۔زرداری اور پارٹی کا موقف ہے کہ ہم فوج کے ساتھ ہیں،پہلا حصہ تو ٹھیک ہے۔آصف زرداری کا بیان اصلی ہے یا نقلی، کیا کوئی تحقیقات ہوں گی۔ اس سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم دیکھیں گے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ان کی آصف زرداری سے بات ہوئی ہے،پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے سربراہ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

مزید خبریں :