05 جون ، 2012
اسلام آباد…حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کراچی میں کالعدم امن کمیٹی کے دہشت گردو ں کی بڑھتی ہوئی قتل و غارتگری ، بھتہ خوری اور تاجروں کے اغواء کوکھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی پرزور مذمت کی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کی بزدلانہ کارروائیوں پر اپنی سخت تشویش کااظہار کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ کالعدم امن کمیٹی کے دہشت گردوں کے خلاف جب آپریشن شروع ہوتا ہے تو شہر میں بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان اور دیگرجرائم کی وارداتیں رک جاتی ہیں اور جونہی آپریشن نادیدہ قوتوں کے اشاروں پر روکا جاتا ہے تو یہ وارداتیں پھر عروج پرپہنچ جاتی ہیں اور آج شہر جن قوتوں کے ہاتھوں یرغمال ہے ان کا تعلق بھی کالعدم امن کمیٹی اور ان سے جڑے دیگر دہشت گرد او ر جرائم پیشہ گروہوں سے ہے جن کی بیخ کنی کی کوئی بھی موثر کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جاتی جس کے باعث شہر کا امن داوٴ پر لگا ہے ، کاروبارِ زندگی مفلوج ہے۔ انہوں نے کہاکہ جرائم پیشہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے شہر کا امن خراب کررہے ہیں ،قتل و غارتگری ، بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان کی اپنی سماج دشمن سرگرمیوں میں اضافہ کرکے شہر کو اسلحہ کے بل بوتے ، دہشت گردی اور غنڈہ گردی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو ملک بھر کے محب وطن اور قانو ن پسند حلقوں کیلئے باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہرکراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی کھلے عام کاروائیوں پر قاپولیس و دیگر اداروں کی غفلت مجرمانہ ہے اور اسی مجرمانہ غفلت کے باعث ایم کیوایم کے کارکنان سمیت کئی بے گناہ افراد جرائم پیشہ عناصر کی سفاکانہ کاروائیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔