29 جنوری ، 2012
اسلام آباد…امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے امریکہ کے وزیر دفاع لیون پنیٹا کے اس بیان کی وضا حت جاری کی گئی ہے جس میں انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کا پاکستان میں کوئی معاون نیٹ ورک موجود تھا ۔ترجمان امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے ٹی وی انٹرویو کئی ماہ پہلے دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن کا پاکستان میں کسی قسم کا سپورٹنگ نیٹ ورک موجود تھا۔ ترجمان کے مطابق لیون پنیٹا نے اپنے اسی انٹرویومیں یہ بھی کہا تھا کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی موجودگی بارے حکومت پاکستان یا کسی سینئر حکومتی اہلکار کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد وزیر دفاع اور دیگر امریکی حکام پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں ۔