دنیا
07 مارچ ، 2016

سعودی عرب شام میں خوراک اور طبی امداد مہیا کرے گا ،شاہ سلمان

سعودی عرب شام میں خوراک اور طبی امداد مہیا کرے گا ،شاہ سلمان

ریاض.........سعودی عرب بین الاقوامی ریڈ کراس فیڈریشن (آئی ایف آر سی) اور انجمن ہائے ہلال احمر کے تعاون سے شام میں جنگ سے سب سے زیادہ تباہ شدہ علاقوں میں خوراک اور طبی امداد مہیا کرے گا۔

اس سلسلے میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کردی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان کے اس حکم کے بعد اس ضمن میں شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز کے سپروائزر جنرل اور شاہی دیوان کے مشیر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ اور آئی ایف آر سی اور انجمن ہائے ہلال احمر کے سیکریٹری جنرل الحاج عمادو سید نے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ۔

سعودی عرب جنگ سے متاثرہ شامیوں کے لیے ہر طرح کی امداد مہیا کررہا ہے اور اس نے مملکت میں مقیم شامیوں کو اپنے خاندانوں اور قریبی رشتے داروں کو بھی غیر مشروط پر اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔سعودی عرب کی جامعات اور اسکولوں میں 343150 شامیوں کی مفت تعلیم کے لیے رجسٹریشن کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں شامی شہریوں کو مفت طبی خدمات مہیا کی جارہی ہیں اور انھیں کاروبار شروع کرنے کے لیے اجازت نامے بھی جاری کیے گئے ہیں۔شام میں بحران کے آغاز کے بعد سے سعودی مملکت کی امداد سے بیس لاکھ سے زیادہ شامی مستفید ہوچکے ہیں۔

سعودی عرب نے شامی مہاجرین کی مالی امداد کے لیے اپنے وعدوں کو بھی عملی جامہ پہنایا ہے اور مزید دس کروڑ ڈالرز مہیا کیے ہیں۔سعودی عرب نے 2011ء کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 78 کروڑ ڈالرز شامی مہاجرین کی امداد کے لیے دیے ہیں۔ اس کے علاوہ ولی عہد شہزادہ محمد نایف کے زیر نگرانی سعودی قومی مہم برائے شامی عوام کے تحت شہریوں کی جانب سے جمع کردہ رقوم کو بھی شامی مہاجرین کو مہیا کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :